ذوالفقار علی بھٹو انجینئرنگ کالج کی بھرتیوں پر اختیار کا تنازع ، قانونی سوالات اٹھ گئے

کراچی( اسٹاف رپورٹر)گڈاپ ٹاؤن کے علاقے میمن گوٹھ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو انجینئرنگ کالج (SZABEC) کے قیام کے منصوبے پر عملی پیش رفت شروع ہوگئی ہے، تاہم کالج میں اساتذہ اور عملے کی بھرتیوں کے اختیار کے معاملے پر سوالات بھی اٹھ گئے ہیں۔حکومت سندھ کی جانب سے جون 2026 میں ADP اسکیم نمبر 821/2025-2026 کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹو انجینئرنگ کالج کے قیام کے لیے انتظامی منظوری (Administrative Approval) جاری کی گئی تھی۔ منصوبے کے ریونیو جزو کی ایگزیکیوٹنگ ایجنسی ڈاؤ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (DUET) کو قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی نے کالج کو فعال بنانے کے لیے پرنسپل، فیکلٹی ممبران اور مختلف غیر تدریسی اسٹاف کی آسامیوں پر مشتمل بھرتی کا اشتہار تیار کرلیا ہے۔اس حوالے سے ڈاؤ یونیورسٹی کے ایڈوائزر ٹو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالواحد بھٹو نے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ، حکومت سندھ کے سیکرٹری اور اسٹیئرنگ کمیٹی SZABEC کے کنوینر کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔ مراسلے میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینر سے منسلک بھرتی کے اشتہار کا جائزہ لے کر ضروری رہنمائی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر وزیراعلیٰ سندھ سے منظوری لینے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ معاملے پر جلد جواب موصول ہونے سے بھرتی کا عمل شروع کرنے اور منصوبے کے اہداف مقررہ مدت میں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔دوسری جانب کالج کے قیام اور بھرتیوں کے عمل کے حوالے سے ایک اہم اعتراض بھی سامنے آیا ہے۔ متعلقہ حلقوں کی جانب سے الزام عاید کیا جا رہا ہے کہ کالج کے قیام اور اس میں بھرتیوں کا کلی اختیار متعلقہ اتھارٹی کے پاس ہے، جسے بائی پاس کرکے ڈاؤ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بھرتیوں کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔اعتراض اٹھانے والے حلقوں کا مؤقف ہے کہ اگر متعلقہ اتھارٹی کی قانونی منظوری اور اختیار کے بغیر بھرتیوں کا عمل شروع کیا گیا تو یہ قواعد و ضوابط اور قانونی طریقہ کار کی خلاف ورزی کے زمرے میں آسکتا ہے۔تاہم اس حوالے سے ڈاؤ یونیورسٹی یا متعلقہ حکام کا حتمی مؤقف سامنے آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ بھرتیوں کے عمل کے لیے قانونی اور انتظامی اختیار کس ادارے کو حاصل ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو انجینئرنگ کالج کا قیام میمن گوٹھ، گڈاپ ٹاؤن کے طلبہ کے لیے انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *