ڈی جی آئی ایس پی آر کا مؤقف زمینی حقائق کی عکاسی کرتا ہے،فیصل معیز
کراچی (جسارت نیوز) نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے حالیہ بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جامع قومی حکمتِ عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے درست نشاندہی کی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صرف فوجی کارروائیاں کافی نہیں بلکہ مضبوط طرزِ حکمرانی، مؤثر ریاستی ادارے اور عوامی اعتماد بھی ناگزیر ہیں۔فیصل معیز خان نے کہا کہ گڈ گورننس ہی وہ بنیادی ستون ہے جس پر امن، معاشی استحکام اور قومی ترقی کی عمارت کھڑی کی جا سکتی ہے۔ شفافیت، قانون کی بالادستی، احتساب، عوامی خدمت اور مؤثر انتظامی نظام کے ذریعے نہ صرف دہشت گردی بلکہ دیگر قومی مسائل پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو عوامی فلاح اور ادارہ جاتی اصلاحات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ریاست سے وفاداری ہر شہری کا آئینی، قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ موجودہ حالات میں پوری قوم کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی سلامتی، معاشی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صنعتکار، تاجر، سول سوسائٹی اور تمام قومی ادارے مشترکہ کوششوں سے ہی پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنا سکتے ہیں۔