خواتین 6اگست کو نیشنل پریس کلب پر احتجاج کریں گی
اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد قدسیہ ناموس نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام، بالخصوص خواتین، مزدوروں، تنخواہ دار طبقے اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن چکا ہے۔ ان حالات کے خلاف 6 اگست بروز جمعرات شام 4 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر خواتین کا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ احتجاجی مظاہرے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان، حافظ نعیم الرحمٰن خصوصی شرکت کریں گے اور شرکاء سے خطاب کریں گے۔قدسیہ ناموس نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عوام کی زندگی کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔ بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے ہر گھر کا بجٹ متاثر کیا ہے، جبکہ خواتین محدود وسائل میں گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے سخت مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے، ظالمانہ ٹیکسوں کے خاتمے، بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔قدسیہ ناموس نے اسلام آباد اور گردونواح کی خواتین سے اپیل کی کہ وہ 6 اگست بروز جمعرات شام 4 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں اور مہنگائی اور معاشی ناانصافی کے خلاف اپنی مؤثر آواز بلند کریں