بھارت کی جانب سے آبی جارحیتـ، دریائے چناب اور راوی میں اونچے درجے کا سیلاب
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں محکمہ آبپاشی کے ترجمان کے مطابق خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر دریائے چناب میں بلند درجے کا سیلاب ہے۔ صورتحال کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے دریائی بیلٹ کے قریب نشیبی بستیوں سے انخلاء کی ہدایات جاری کردیں۔ ننکانہ صاحب میں دریائے راوی ہیڈ بلوکی کے مقام پر پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے اور نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاںپانی کی آمد 73 ہزار 625 کیوسک جبکہ اخراج 50 ہزار 725 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق دریائے چناب میں قادرآباد بیراج پر 2 لاکھ 67 ہزار 159 کیوسک پانی کی آمد اور 2 لاکھ 52 ہزار 159 کیوسک اخراج ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خانکی بیراج پر 2 لاکھ 61 ہزار 463 کیوسک پانی کی آمد اور 2 لاکھ 56 ہزار 63 کیوسک اخراج ریکارڈ کیا گیا، یہاں بلند درجے کا سیلاب ہے۔ ترجمان کے مطابق کیو بی لنک نہر میں 15 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے جبکہ یہاں بھی بلند درجے کا سیلاب ہے۔ مرالہ بیراج پر ایک لاکھ 94 ہزار 452 کیوسک پانی کی آمد اور ایک لاکھ 74 ہزار 452 کیوسک اخراج ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق 3 لاکھ کیوسک کا بڑا ریلا خانکی اور قادر آباد سے ہوتا ہوا چنیوت کی حدود میں داخل ہوگا، سیلابی صورتحال کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کردیے۔ آئندہ چند گھنٹوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب ننکانہ صاحب میں دریائے راوی ہیڈ بلوکی کے مقام پر سیلاب کے باعث ضلعی انتظامیہ نے دریائے راوی کے کنارے آباد شہریوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد اپنے اہل خانہ، مویشیوں اور ضروری سامان کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔