بھارت میںتوہین وندے ماترم کا بل منظور‘ 3 سال قید

نئی دہلی(جسارت ڈ یسک)بھارتی پارلیمنٹ نے ایک ایسا ترمیمی بل منظور کرلیا جس کے تحت قومی نغمے ’وندے ماترم‘ کو بھی وہی قانونی تحفظ حاصل ہوگا جو پہلے سے قومی ترانے ’جن گن من‘، قومی پرچم اور آئین کو حاصل ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بل وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ جسے مودی سرکار نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد یہ بل اب صدرِ جمہوریہ کی منظوری کا منتظر ہے۔ صدر کے دستخط کے بعد یہ باقاعدہ قانون بن جائے گا اور اس کی دفعات ملک بھر میں نافذ العمل ہوں گی۔وزیر داخلہ کا مؤقف ہے کہ اس قانون کا مقصد کسی مذہب، فرد یا نظریے کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ قومی نغمے کے وقار اور قومی یکجہتی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔مودی سرکار کا کہنا ہے کہ ’وندے ماترم‘ بھارت کی آزادی کی تحریک کی ایک اہم علامت رہا ہے اس لیے اسے بھی قومی ترانے کے مساوی قانونی تحفظ دیا جانا چاہیے۔آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بل کو مذہبی آزادی کی آئینی ضمانت کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’وندے ماترم‘ کے بعض حصوں میں ہندو دیوی دیوتاؤں کا ذکر موجود ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *