کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کانظام نہیں، پولیس چیف
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کا کہنا ہے شہر قائد میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں ہے جس کی وجہ سے یہاں 46 لاکھ موٹرسائیکلیں ہیں۔کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کا کہنا تھا ہمارا خطہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، ہمیں بھی خطرات لاحق ہیں، واقعات ہوئے ہیں لیکن ہم محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم ایک چیلنج اور بھتا خوری مسئلہ ہے جبکہ بھکاری اس شہر میں اس لیے ہیں کیونکہ یہ شہر دیتا ہے، کراچی میں اب نو گو ایریاز نہیں ہیں، پولیس ہر جگہ جاکر کارروائیاں کر رہی ہے، ایک گروہ حالیہ وارداتیں کر رہا تھا‘ ان کے خلاف کامیاب ایکشن کیا، ہم کمیونٹی پولیسنگ اور منشیات کے خلاف بھی کام کررہے ہیں۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا محکمہ پولیس کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں، سیف سٹی میں کراچی لیٹ ہو گیا، شہر کے لیے سیف سٹی کا منصوبہ ناگزیر ہے، دوسرے بیچ کے 2000 کیمرے لگ رہے ہیں لیکن یہ تعداد کم ہے اور شہر کی ضرورت زیادہ ہے۔ان کا کہنا تھا کراچی میں ٹریفک انجینئرنگ اور روڈ کی مینٹی ننس کا مسئلہ ہے، یہاں ماس ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں ہے، 46 لاکھ موٹر سائیکلیں ماس ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے سبب ہیں۔