پیٹرول پمپس پرراست کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
کراچی (صباح نیوز) اسٹیٹ بینک نے ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے راست” کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر “راست” کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگی کا نظام 31 جنوری 2027ء تک نافذ کرنا لازمی ہوگا۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس پر کارڈ کے ذریعے ایندھن کی خریداری پر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (MDR) کی زیادہ سے زیادہ حد فی لیٹر ایک روپیہ مقرر کر دی گئی ہے جبکہ انٹرچینج ری ایمبرسمنٹ فیس کی حد فی لیٹر 20 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے ہدایت کی ہے کہ تمام پیٹرول پمپ مالکان “راست” کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگی کا نظام مقررہ مدت کے اندر فعال اور صارفین کے لیے دستیاب بنائیں۔