اسلامی عبادات: جنت کا حصول اور دنیا میں منظم و کامیاب زندگی
اسلامی عبادات جہاں تعلق باللہ، تقرب الٰہی، روحانی تسکین اور رضائے الٰہی کا ذریعہ ہیں وہیں یہ ضمنی طور پر انسان کی انفرادی و اجتماعی زندگی کو ایک سنہرے نظم و نسق میں ڈھال دیتی ہے۔ دین اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے جو انسان کی انفرادی و اجتماعی زندگی کے ہر پہلو کی رہنمائی کرتا ہے۔ نماز روزہ زکوٰۃ اور حج جیسی بنیادی عبادات کا اصل اور اولین مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول، اس کی بندگی اور ہر لمحے اسے یاد رکھنا ہے، تاکہ بندہ اپنی پوری زندگی خالق کائنات کے سپرد کر دے۔ لیکن یہ بھی ایک روشن حقیقت ہے کہ ان عبادات کی گہرائی میں جاکر دیکھا جائے تو اس میں اللہ تعالیٰ کی بے شمار حکمتیں اور دنیوی برکتیں بھی پنہاں نظر آتی ہیں جن میں ایک روشن پہلو انسانی زندگی میں ڈسپلن، وقت کی پابندی، ٹائم مینجمنٹ اور بہتر نظم و نسق کی عملی تربیت ہے۔ جو دنیاوی کامرانی اور آخرت میں فلاح و نجات کی ضامن ہے۔
نماز جو دن میں پانچ وقت فرض کی گئی ہے۔ یہ اللہ کی یاد اور تعلق باللہ کا بہترین ذریعہ ہے۔ دن کی شروعات صبح فجر کے لیے بیدار ہونے سے ہوتی ہے، جو انسان کو سستی و کاہلی سے نکال کر بیدار مغزی اور صبح خیز بناتی ہے۔ اس طرح دن کا آغاز اللہ کے نام اور اس کی یاد سے ہوتا ہے جو صبح سے شام تک پوری زندگی کو ترتیب دیتا ہے۔ وقت مقررہ پر اذان کی صدا، تکبیر کی گونج اور امام کی اقتداء میں باجماعت نماز کی ادائیگی، انسان کو وقت کا پابند، اطاعت امیر اور نظم و ضبط کا خوگر بنا دیتی ہے۔ جمعہ اور عیدین کے عظیم اجتماعات میں تو یہ ڈسپلن دلنشین اور ایک وسیع تر شکل اختیار کر لیتا ہے، جہاں ہزاروں لاکھوں افراد ایک ہی وقت، ایک ہی سمت اور ایک ہی صف میں نظم و نسق کے ساتھ کھڑے ہوکر اللہ کے حضور سرتسلیم خم کرتے ہیں۔ اسی لیے نماز کے ڈسپلن میں غلطی اور خلل واقع ہونے پر سجدہ سہو ادا کرنا ہوتا ہے۔ روزہ سیلف ڈسپلن اور تحرک و سرعت کی تربیت دیتا ہے۔ روزہ کی صورت میں سحر و اِفطار کے اوقات کی سختی سے پابندی کی جاتی ہے۔ روزہ انسان کی نفساتی تربیت اور ’’سیلف ڈسپلن‘‘ خود ضبطی کا ایک بے نظیر ذریعہ ہے۔ سحر سے لے کر افطار تک ایک مخصوص اور حتمی وقت کی پابندی انسان کو اپنے معمولات میں سرعت، بیداری اور ذمے داری سکھاتی ہے۔ بھوک اور پیاس کی حالت میں بھی اپنے جذبات، نفسانی خواہشات اور رفتارِ کار پر قابو رکھنا ایک روزے دار کو صبر، قوت ارادی اور ضبط ِ نفس کا ایسا ماہر بنا دیتا ہے جو زندگی کے دشوار گزار مراحل میں بھی ثابت قدم رہتا ہے۔ زکوٰۃ ایک ایسی عبادت ہے جو مالی معاملات میں گہرا نظم و ضبط سکھاتی ہے۔
مالی عبادات خصوصاً زکوٰۃ انسان کی معاشی زندگی میں بہترین نظم و نسق اور ’’فائنانشل ڈسپلن‘‘ قائم کرتی ہے۔ یہ بندے کو اپنی آمدنی، اخراجات اور بچت کے منظم حساب کتاب کا عادی بناتی ہے۔ زکوٰۃ کے ذریعے مال کو فضول خرچی سے بچا کر صحیح جگہ استعمال کرنا، مستحقین کی باعزت طریقے سے تلاش کرنا اور اللہ کی راہ میں دینا انسان کے اندر معاشی جوابدہی اور کاروباری اخلاقیات بیدار کرتا ہے۔ یہ جذبہ کاروباری زندگی کو پاکیزہ اور ہر قسم کی دھاندلی و بدعنوانی سے پاک رکھتا ہے۔ حج عالمی ڈسپلن اور اجتماعی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ حج بیت اللہ عبادات کا ایک ایسا عالمگیر مظاہرہ ہے جہاں رفتار، اطاعت اور اجتماعی ڈسپلن اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ نظر آتا ہے۔ مناسک ِ حج کی ادائیگی میں وقت کی سختی سے پابندی، ایک مقام سے دوسرے مقام تک لاکھوں انسانوں کا بیک وقت سفر، ذکر ِ الٰہی کا ترانہ، اور ہمسفروں کو ایذا رسانی سے بچانے کی فکر، فرد کے اندر صبر و تحمل پیدا کرتی ہے۔ طواف اور دیگر مناسک ِ حج کے دوران باہمی احترام، محبت اور اتحاد کا جو عالمی ڈسپلن قائم ہوتا ہے، وہ دنیا کے کسی اور خطے یا نظریے میں دیکھنے کو نہیں ملتا۔ آج دنیا نظم و ضبط، ٹائم مینجمنٹ، انتظامی مہارت اور اچھی حکمرانی کے اصول تلاش کر رہی ہے جبکہ اسلام نے چودہ سو سال پہلے عبادات کی صورت میں ایسا جامع تربیتی نظام عطا کر دیا جو انسان کی روح، عقل، اخلاق، معیشت اور معاشرت سب کو سنوار دیتا ہے۔ اگر مسلمان نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج کی حقیقی روح کو سمجھ کر اپنی زندگی کا حصہ بنالیں تو وہ نہ صرف ایک باوقار، منظم، دیانت دار فرد اور ایک کامیاب قوم بن سکتے ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا، مغفرت اور جنت الفردوس کے اعلیٰ درجات کے بھی مستحق بن سکتے ہیں۔