بھارتی مظالم کشمیریوں کی جدوجہد کو کمزور نہیں کرسکتے‘ سنی تحریک
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی 5 اگست2019ء والی پوزیشن کو بھارت فوری بحال کرے، بھارتی فوج مختلف ظالمانہ قوانین کی آڑ میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ یہ مظالم کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو کمزور نہیں کرسکتے۔ بھارت کے غیر قانونی غاصبانہ قبضے کو مستر د کرتے ہیں۔ آخری دم تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آرٹیکل 370کے تحت حیثیت بدلنے کی ناکام کوشش کرکے عالمی قوانین کو مسخ کرنے کی ناپاک جسارت کی ہے، کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ حق خودارادیت دلانے کیلیے آخری سانس تک ساتھ دیں گے۔ مودی حکومت کا جنونی نظریہ زمین بوس کرکے کشمیر کو آزاد کرائیں گے۔ بھارت کشمیریوں کا استحصال کرنا بند کردے‘ جہاد کی صورت میں بھارت ختم ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک کے تحت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے نکالی گئی ریلیوں اور مظاہروں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان جہاد کا اعلان کرے‘ ڈائیلاگ کا دور ختم‘ اب کشمیریوں کو طاقت سے آزادی دلانا ہوگی۔ حکومت پاکستان نے جہاد کا اعلان کیا تو ان شاء اللہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی چنگل سے آزاد کروا کر ممبئی میں پاکستان کا جھنڈا لہرا دیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہاریکجہتی کے تحت ملک بھر میں پاکستان سنی تحریک کے تحت یوم استحصال کشمیر منایا گیا،ملک بھر میں مظاہروں میں کارکنوں نے ہاتھوں میں بلیک پٹیاں باندھی ہوئی تھیں، بھارت سے اظہار نفرت کرتے ہوئے بھارتی پرچم اور مودی کے پتلے جلائے گئے، کشمیریوں کی آزادی کی تحریک میں ان کے ساتھ ہیں اخلاقی وسیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔