فیصل آباد ،جماعت اسلامی یوتھ کے تحت موٹرسائیکل ریلی
فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے نوجوانوںنے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوںاور ظالمانہ لیوی ٹیکس کے خلاف ہونے والے ملک گیر احتجاج کی آگاہی مہم کے سلسلہ میں ڈی گرائونڈ سے ستیانہ روڈ تک موٹرسائیکل ریلی نکالی جس کی قیادت صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری باسم سعید،ضلعی صدرنعمان احسن ملک،سیکرٹری عدنان یوسف نے کی جبکہ ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے ریلی کے اختتام پر نوجوانوںسے خطاب کیا۔انہوںنے کہاکہ نوجوان ہمیشہ سے پاکستان میں چلنے والی ہر سیاسی تحریک کا ہراول دستہ بنے ہیں۔7اگست کو بھی ملک بھرکے نوجوان اپنی موٹر سائیکلیں لے کر سڑکوں پر نکلیں گے اور حکومت کو پیٹرولیم لیوی واپس لینے پر مجبورکردیں گے۔ انہوںنے کہاکہ تینوںبڑی سیاسی جماعتیں عوام کو بیوقوف بناکر حکمرانی کررہی ہیں،کسی کوبھی عوام کی تکالیف کااندازہ نہیں،مہنگائی کے ہاتھوںپریشان عوام اپنے بچوںسمیت خودکشیاںکرنے پر مجبور ہیں،اس وقت صرف جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں پوری قوم کو قربانی کا بکرا بنا دیا ہے جوقومی خود مختاری اور عوامی مفادات کا کھلا سودا ہے۔ ایک طرف عوام پٹرول کی قیمتوںکی وجہ سے پریشان ہیں تو دوسری طرف بجلی بلوں میں فکسڈٹیکس کے نام پر لوٹ مار کابازارگرم کردیاگیا ہے۔گھروں کے چولہے پہلے ہی ٹھنڈے ہو رہے ہیں، اوپر سے بجلی کے بلوں میں یہ نیا بم گرا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ اقدام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے عوام پر ایک اور معاشی وار کے مترادف ہے۔ حکومت نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ اس کی ترجیحات عوام نہیں بلکہ بااثر مافیاز ہیں۔حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا کوئی احساس نہیںہے اورمہنگائی کے ستائے ہوئے شہریوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔