eobi

EOBIکے ہر دلعزیز مسیحا ڈاکٹر سید اظفر محمود طارق انتقال کرگئے

ای او بی آئی کے ہر دلعزیز مسیحا فرشتہ صفت ڈاکٹر سید اظفر محمود طارق، حرکت قلب ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ 28 جولائی بروز منگل بعد نماز عصر مدینہ مسجد، بلاک Bنارتھ ناظم آباد میں ادا کی گئی اور تدفین سخی حسن قبرستان میں عمل میں آئی جس میں ای او بی آئی کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ڈاکٹر سید اظفر محمودکی ناگہانی وفات کی خبر سن کر ملک بھر میں ای او بی آئی کے ملازمین اشکبار ہوگئے۔ ڈاکٹر سید اظفر محمود ایک بیحد ہمدرد اور مثالی معالج تھے اور گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے ای او بی آئی میں سینئر میڈیکل افسر (SMO) کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، ادارہ کے چھوٹے بڑے ملازمین کو علاج و معالجہ کے لیے ان تک با آسانی رسائی حاصل تھی۔ آپ ادارہ کے سینئر میڈیکل افسر کی حیثیت سے ای او بی آئی کے کراچی تا گلگت کے دفاتر میں تعینات تمام افسران، اسٹاف ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو امراض کی تشخیص، طبی مشورے،ادویات، پینل اسپتالوں میں علاج و معالجہ کی بہتر فراہمی اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کے اسپتال میں داخلہ اور انہیں معیاری علاج و معالجہ کے لیے ہر دم کوشاں رہتے تھے جس کے باعث ڈاکٹر سید اظفر محمود کو ادارہ کے ملازمین کے درمیان بیحد عزت اور خصوصی احترام کا درجہ حاصل تھا۔
ڈاکٹر سید اظفر محمود گزشتہ 20 برسوں سے ای او بی آئی ہیڈ آفس کراچی کے علاوہ ہر منگل کے دن ریجنل آفس سٹی عوامی مرکز میں ای او بی آئی معذوری پنشن کے دعویداران کے طبی معائنہ کرنے اور انہیں معذوری پنشن کے لیے معذوری سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے علاوہ روزانہ رات کے اوقات میں دی میڈی کال جنرل اسپتال سیکٹر 11-Bنارتھ کراچی میں بھی ای او بی آئی کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو بروقت علاج و معالجہ کی فراہمی کے لیے دستیاب رہتے تھے۔
ڈاکٹر سید اظفر محمود انتہائی فرض شناس معالج تھے جو اسپتالوں میں زیر علاج ادارہ کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے علاج معالجہ کی پیشہ ورانہ نگرانی کے ساتھ ساتھ ان کی مزاج پرسی کے لیے اسپتالوں کا دورہ بھی کیا کرتے تھے۔
ڈاکٹر سید اظفر محمود کی ناگہانی وفات سے ای او بی آئی کے ملازمین ایک فرشتہ صفت مسیحا سے محروم ہوگئے ہیں اور ادارہ کے ملازمین ان کے اہل خانہ اور ای او بی آئی کے ہزاروں معذور پنشنرز کے لیے ڈاکٹر سید اظفر محمود کی مثالی خدمات کو ایک عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔دریں اثناء ای او بی آئی ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان نے ڈاکٹر سید اظفر محمود کی ناگہانی وفات پر ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ کے ملازمین ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *