اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ‘2900پوائنٹس بڑھ گئے
کراچی (کامرس رپورٹر) امریکا ایران کشیدگی میں کمی کی امید، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی، مہنگائی کی شرح میں کمی اور گزشتہ سیشن کی کریکشن کے بعد سرمایہ کاروں کی دوبارہ خریداری سے بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے ساتھ کاروبار کا اختتام ہوا۔کے ایس ای 100 انڈیکس 2900 پوائنٹس بڑھ گیا اور مارکیٹ میں 3 نفسیاتی حدیں بحال ہو گئیں۔ انڈیکس 177000 کی سطح سے بڑھ کر 180000 کی سطح پر بند ہوا۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 257ارب روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 61.08 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ ماہرین کے مطابق جیوپولیٹیکل صورت حال میں مزید بہتری مارکیٹ کیبلش سینٹیمنٹ کو مزید مضبوط کر سکتی ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2931 پوائنٹس کاا ضافہ ہوا اور انڈیکس 177083 پوائنٹس سے بڑھ کر 180014 پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 985 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 53821 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 106985پوائنٹس سے بڑھ کر 108372 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 257 ارب 6 کروڑ 70 لاکھ 96 ہزار 644 روپے کا اضافہ ہوا اور سرمائے کا مجموعی حجم 20090 ارب 9 کروڑ 65 لاکھ 55 ہزار 53 روپے ہو گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو 35 ارب روپے مالیت کے 74 کروڑ 5 لاکھ حصص کے سودے ہوئے۔