پیٹرول لیوی بھتا ٹیکس کیخلاف احتجاج، آج شہر بھر سے ریلیاں مزار قائد پہنچیں گی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی بھتا ٹیکس کی ظالمانہ وصولی اور قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں کراچی میں بھی بھر پور احتجاج کیا جائے گا ، اعلان کردہ پروگرام کے مطابق شام 4بجے شہر بھر سے ریلیاں مزار قائد پہنچیں گی ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے واضح اور دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ پیٹرول لیوی بھتا ٹیکس کی جبری و ظالمانہ وصولی کے خلاف پر امن احتجاج ہر صورت میں ہوگا ، لیوی ٹیکس کی جبری وصولی عوام پر ظلم ہے ، انہوں نے شہر بھر سے آنے والی ریلیوں کے منتظمین اور ذمے داران و کارکنوں کو ہدایات کی ہے کہ وہ پر امن اور منظم انداز میں مزار قائد پہنچیں ۔ دریں اثنا جماعت اسلامی کے تحت پیٹرول لیوی بھتا ٹیکس ختم کرنے اور پیٹرول سستا کرنے کے لیے 7اگست کے احتجاج کو بھر پور ، مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے جمعرات کے روز شہر بھر میں بڑے پیمانے پر سرگرمیاں جاری رکھیں ۔ عام شہریوں اور تاجروں سمیت مختلف طبقات سے رابطے کیے گئے ۔ سول سائٹی کے نمائندوں سمیت مزید تاجروں کی جانب سے احتجاج میں شرکت اور حمایت کا اعلان کیا گیا ۔ شہر کی بڑی چورنگیوں و سڑکوں سمیت100سے زاید اور اہم پبلک مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے گئے جو رات گئے تک لگے رہے ، کیمپوں سے احتجاج میں شرکت کی دعوت دینے کا سلسلہ جاری ہے اور شہریوں میں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے ۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں نے موٹر سائیکل ریلیاں بھی نکالیں جنہوں نے اندرونی گلیوں اور شہر کی چھوٹی بڑی سڑکوں پر گشت کیا جبکہ مختلف سوزوکیوں اور ٹرکوں پر سائونڈ سسٹم لگا کر موبائل پبلسٹی کا سلسلہ بھی رات تک جاری رہا ۔ جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت فائیو اسٹار چورنگی پر تاجروں کا احتجاجی کیمپ لگایا گیا ، جس میں مختلف تاجر تنظیموں اور ایسوسی ایشنوں کے عہدیداران اور نمائندوں نے شرکت کی اور احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا۔ منعم ظفر خان ، امیر ضلع وسطی وجیہ حسن اور جماعت اسلامی کے دیگر ذمے داران نے کیمپ میں خصوصی طور پر شرکت کی اور تاجروں کی جانب سے احتجاج کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ احتجاج کی حمایت کرنے والوں میں جیم اینڈ جیولرز حیدری لیاقت آباد کے صدر سید فراز احمد،حیدری مارکیٹ مینجمنٹ کے صدر اختر شاہد ،آل کراچی شادی ہال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طارق خواجہ ، نارتھ ناظم آباد اسٹیٹ ایجنٹ اینڈ بروکرز ایسوسی کے صدر عرفان عالم، ،سندھ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر علیم قریشی ،نارتھ ناظم آباد ریسٹورنٹ اینڈ فوڈ اسٹریٹ کے صدرخالد اسماعیل ،شیخ القریش برادری کے صدر شاہد قریشی،گلبہار ٹریڈ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید قریشی ، سینئر نائب صدر مظفر السلام شمسی ، جنرل سیکرٹری سلیم ساتھیانی ، فنانس سیکرٹری فیصل ہاشمی، گول مارکیٹ ٹریڈر ایسوسی ایشن کے صدر ارشد ہاشمی،عباسی شہید کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد صاحب ،سبزی فروش ایسوسی ایشن کے صدر اشرف ،بائیکیا رائیڈرز کے نمائندے ،فوڈ پانڈا کے نمائندے ودیگر شامل تھے ۔