پیٹرولیم لیوی ومہنگائی کیخلاف اسلام آبا دمیں حلقہ خواتین کا احتجاج

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر اہتمام عوامی معاشی حقوق کے تحفظ، مہنگائی، پیٹرولیم لیوی، بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور لوڈشیڈنگ کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر خواتین کا بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں اساتذہ، ڈاکٹرز، وکلا، طالبات، گھریلو خواتین، سماجی کارکنان، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حکومت سے عوام کو فوری معاشی ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج سے نائب قیمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان اور سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سید، نائب قیمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عفت سجاد اور ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد قدسیہ ناموس نے خطاب کیا۔عائشہ سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہنگائی نے عوام، خصوصاً کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کی زندگی ناقابل برداشت بنا دی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ،پیٹرولیم لیوی، بجلی و گیس کے بھاری بل اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ہر گھر کا بجٹ تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی حالات کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے تو حکومت کو چاہیے کہ اپنے اختیار میں موجود پیٹرولیم لیوی اور دیگر اضافی مالی بوجھ میں کمی کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے، نہ کہ تمام بوجھ عوام پر منتقل کر دے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ذمے داری عوام کی جان، مال، عزت، آبرو اور معاش کا تحفظ ہے۔ عوام کو باعزت زندگی، بنیادی سہولیات اور معاشی تحفظ فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمے داری ہے۔ معاشی بحران کا تمام بوجھ کمزور اور متوسط طبقے پر ڈالنا کسی بھی صورت انصاف کے تقاضوں کے مطابق نہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *