صومالیہ کے وزیر دفاع کی فیلڈ مارشل سے ملاقات‘ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے صومالیہ کے وزیر دفاع نے ملاقات کی ،ملاقات میں دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق صومالیہ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، وفد کی قیادت صومالیہ کے وزیر دفاع نے کی۔ وفد نے آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی اور سلامتی تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں عسکری تعلقات میں اضافے اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی استعداد کار بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق صومالی وزیر دفاع نے پاکستان کی مستقل حمایت اور خطے میں امن و استحکام کیلیے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صومالیہ کے سکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے اور خطے میں دیرپا امن کیلئے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔