ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کوالیفائر : سابق آسٹریلوی کرکٹر پرتگال کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر
سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر موئسس ہنریکس کو پرتگال کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے۔
39 سالہ ہنریکس 14 سے 20 اگست تک فن لینڈ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یورپ سب ریجنل کوالیفائر سی میں پرتگال کی 14 رکنی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
کوالیفائر کے گروپ بی میں پرتگال کے ساتھ اسرائیل، جرمنی، یونان اور چیکیا کی ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ گروپ کی فاتح ٹیم 21 اگست کو شیڈول فائنل میں جگہ بنائے گی۔
موئسس ہنریکس نے آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 4 ٹیسٹ، 16 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے آخری میچ 2021 میں کھیلا تھا۔
ہنریکس پرتگالی جزیرے مڈیرا میں پیدا ہوئے، جو معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی جائے پیدائش بھی ہے۔ تاہم، بچپن میں وہ اپنے خاندان کے ہمراہ آسٹریلیا منتقل ہوگئے، جہاں انہوں نے کرکٹ میں نمایاں مقام بنایا اور نیو ساؤتھ ویلز کے علاوہ سڈنی سکسرز کی نمائندگی کی۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر نے گزشتہ ماہ ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پرتگال 37ویں نمبر پر موجود ہے اور ٹیم کوالیفائر میں کامیابی حاصل کرکے عالمی سطح پر اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
پرتگال اپنی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائنگ مہم کا آغاز 14 اگست کو اسرائیل کے خلاف میچ سے کرے گا۔