صدرِ مملکت کی ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری اور مستقلی کی منظوری، ہارون اختر وزیراعظم کے مشیر مقرر
اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لاہور، سندھ، پشاور، اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دے دی، جبکہ لاہور اور سندھ ہائیکورٹس کے بعض ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
صدرِ مملکت نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ اس کے علاوہ ہائیکورٹ ججز کی رخصت، پنشن اور دیگر مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ہارون اختر کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت کی جانب سے متعلقہ سمریوں کی منظوری کے بعد نئے تعینات اور مستقل کیے گئے ججز کی حلف برداری کی تقریب جلد منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے 20 اور 21 جولائی کو ہونے والے اجلاسوں میں مختلف ہائیکورٹس کے لیے 19 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی سفارش کی گئی تھی۔ ان اجلاسوں میں 5 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے اور ایک جج کی مدتِ تعیناتی میں توسیع کی سفارش بھی کی گئی تھی۔
ججز کی تعیناتی سے متعلق سمریوں پر صدرِ مملکت کے دستخط نہ ہونے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔ صدرِ مملکت کی جانب سے سمریوں کی منظوری کے بعد ججز کی نامزدگیوں کا معاملہ حل ہوگیا ہے۔
ججز کی تعیناتی کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج وفاق اور وزارتِ قانون سے جواب بھی طلب کر رکھا تھا، تاہم صدارتی منظوری کے بعد زیرِ سماعت درخواست کے غیر مؤثر ہونے کا امکان ہے۔