لاہور میں 13 اور 14 اگست کیلئے خصوصی ٹریفک پلان جاری
لاہور ٹریفک پلان کے تحت 13 اور 14 اگست کو جشن آزادی کے موقع پر شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور ون ویلنگ سمیت ہلڑ بازی کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق تین ایس پیز کی نگرانی میں 16 ڈی ایس پیز اور 500 ٹریفک انسپکٹرز سمیت دیگر افسران اور اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔
لاہور میں آتش بازی اور میوزیکل پروگرامز
جشن آزادی کے موقع پر لاہور کے پانچ مقامات پر آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔ ان مقامات میں گریٹر اقبال پارک، ڈولمن مال ڈیفنس، گلشن اقبال، اڈا پلاٹ اور لبرٹی مارکیٹ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ لبرٹی مارکیٹ اور ڈیفنس فیز 6 کے ایچ بلاک میں میوزیکل پروگرامز بھی منعقد ہوں گے، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد میں آمد متوقع ہے۔
ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے خلاف کارروائی
ٹریفک پولیس کے مطابق شہر بھر میں 62 مقامات پر خصوصی ناکہ بندی کی جائے گی۔ ان مقامات پر ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور موٹر سائیکلوں پر خطرناک کرتب دکھانے والے منچلوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ سڑکوں کی بلاکنگ، روڈ ریج اور ٹریفک کی روانی میں خلل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اہم شاہراہوں پر خصوصی انتظامات
ٹریفک کا بہاؤ برقرار رکھنے کیلئے مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ اور مال روڈ کے تمام کٹس رات کے اوقات میں بند رکھے جائیں گے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جشن آزادی کی تقریبات میں شرکت کے دوران ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور خطرناک ڈرائیونگ سے گریز کریں۔
لاہور ٹریفک پلان کا مقصد جشن آزادی کے دوران شہریوں کو محفوظ اور رواں سفری ماحول فراہم کرنا ہے، جبکہ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔