بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی خواتین کیلئے اہم پیغام جاری
اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کیلئے ڈیجیٹل والٹ اور بینظیر سم کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ بی آئی ایس پی ترجمان نے مستحق خواتین کو خبردار کیا ہے کہ بینظیر سم صرف بی آئی ایس پی کے متعلقہ دفاتر سے ہی حاصل کریں۔
ترجمان کے مطابق کسی دوسرے مقام یا غیر متعلقہ فرد سے سم حاصل کرنے کی صورت میں خواتین کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ مستحق خواتین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ افواہوں اور غلط معلومات پر توجہ نہ دیں اور درست رہنمائی کیلئے اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کریں۔
بینظیر سم کیسے حاصل کی جائے؟
بی آئی ایس پی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جن خواتین نے ابھی تک اپنی بینظیر سم حاصل نہیں کی، وہ قریبی دفتر سے یہ سم مفت حاصل کرسکتی ہیں۔ سم لینے کیلئے خواتین کو اپنا اصل شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون ساتھ لے جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سم وصول کرتے وقت خواتین عملے سے کہیں کہ سم ان کے موبائل فون میں خود نصب کرے۔ اس عمل کیلئے کسی ایجنٹ یا غیر متعلقہ شخص کی مدد لینے سے گریز کیا جائے۔
موبائل فون کسی کو نہ دیں
بی آئی ایس پی حکام نے خواتین کو خاص طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا موبائل فون کسی ایجنٹ کے حوالے نہ کریں۔ رقم وصول کرنے کیلئے اصل شناختی کارڈ اور بائیومیٹرک تصدیق ضروری ہے، موبائل فون کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے کی ضرورت نہیں۔
خواتین کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپنا موبائل فون اور موبائل نمبر ہمیشہ اپنے پاس رکھیں تاکہ کوئی شخص ان کے پیغامات یا شکایات سے متعلق معلومات حذف نہ کرسکے۔
ڈیجیٹل والٹ میں رقم کی منتقلی
حکام کے مطابق جب رقم ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہوگی تو متعلقہ بینک کی جانب سے ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ رقم نکلوانے کے بعد بھی ایک تصدیقی پیغام آئے گا جس میں منتقل اور وصول کی گئی رقم کی تفصیلات درج ہوں گی۔
یہ پیغام خواتین کیلئے ادائیگی کا ثبوت بھی ہوگا، جس کی مدد سے وہ تصدیق کرسکیں گی کہ انہیں مکمل رقم موصول ہوئی ہے۔
بی آئی ایس پی حکام نے واضح کیا ہے کہ پروگرام کے تمام وظائف، سہولیات اور خدمات مکمل طور پر مفت ہیں۔ خواتین کسی بھی قسم کی فیس یا غیر ضروری رقم طلب کیے جانے کی صورت میں محتاط رہیں اور متعلقہ بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کریں۔