موٹروے پر کون سی ٹرانسپورٹ کی انٹری بند؟
لاہور: جشن آزادی کے موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے موٹروے پر ٹرانسپورٹ کی انٹری سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آگیا۔ موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے پر مسافر بسوں اور ٹرکوں کا داخلہ غیر معینہ مدت کیلئے روک دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر بسوں اور ٹرکوں کی موٹروے پر آمدورفت جلد بحال کردی جائے گی، تاہم فی الحال بھاری اور بڑی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا منصوبہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں بھی ہیوی ٹریفک کیلئے پابندی
دوسری جانب جشن آزادی کی تقریبات کے باعث اسلام آباد میں بھی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔ پولیس کے مطابق یہ پابندی 12 اگست کی رات 12 بجے سے 14 اگست کی رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔
13 اگست کو یادگارِ فتح، ایچ ایٹ اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریب کے پیش نظر متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف منتقل کیا جائے گا۔
شہریوں کیلئے متبادل راستے
پولیس کے مطابق کورال چوک، خیابان چوک، فیصل ایونیو اور ایکسپریس وے کے بعض حصوں پر ٹریفک بند یا محدود رہے گی۔ شہریوں کو روات جی ٹی روڈ، لہتراڑ روڈ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک، مری روڈ اور دیگر متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فیض آباد، راول ڈیم، آئی ایٹ اور ایچ ایٹ کے اطراف بھی مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو نائنتھ ایونیو، جناح ایونیو اور مری روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سفر سے پہلے ٹریفک صورتحال ضرور جانیں
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جشن آزادی کی تقریبات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ضروری ہو تو روانگی سے پہلے متعلقہ سڑکوں کی صورتحال ضرور معلوم کرلیں۔
موٹروے پر ٹرانسپورٹ کی انٹری بند ہونے کے باعث مسافر بسوں، ٹرکوں اور دیگر بھاری گاڑیوں کے ڈرائیور متبادل راستوں اور تازہ ٹریفک ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھیں۔