پیرو: نازکا لائنز پر سیاحتی طیارہ گر کر تباہ، 13 افراد ہلاک
لیما: پیرو کے تاریخی آثارِ قدیمہ نازکا لائنز کی فضائی سیر کے دوران ایک چھوٹا سیاحتی طیارہ واپسی پر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 11 غیر ملکی سیاحوں اور عملے کے 2 ارکان سمیت تمام 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے کے بعد متعلقہ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ مقامی فضائی کمپنی کا سیسنا کیراوان تھا، جو نازکا لائنز کا فضائی مشاہدہ کرانے کے لیے باقاعدگی سے استعمال کیا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے سیاحوں کا تعلق اٹلی، جرمنی اور اسپین سے تھا۔
پیرو کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق طیارہ پسکو ایئرپورٹ سے دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوا تھا۔ نازکا لائنز کے اوپر سیاحتی پرواز مکمل کرنے کے بعد جب طیارہ واپس لوٹ رہا تھا تو تقریباً 1 بجے عملے نے نازکا ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس وقت طیارہ سوکوس کے علاقے کے قریب پرواز کر رہا تھا، تاہم ہنگامی اطلاع کے کچھ ہی لمحوں بعد اس کا کنٹرول ٹاور سے ریڈیو رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے بعد تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ پویبلو ویخو کے علاقے میں نازکا شہر سے تقریباً 4 میل اور نازکا لائنز سے لگ بھگ 7 میل کے فاصلے پر زمین سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے فوراً بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا، جس کے باعث کسی بھی مسافر یا عملے کے رکن کو بچانے کا موقع نہ مل سکا۔
فائر بریگیڈ، بلدیاتی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں، جہاں آگ پر قابو پانے کے بعد ابتدائی کارروائیاں مکمل کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی اور تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ حادثے سے ایک روز قبل ماریا رائخے ایئرپورٹ سے نازکا لائنز کی جانب جانے والی سیاحتی پروازیں تیز ہواؤں، گرد آلود فضا اور حدِ نگاہ میں کمی کے باعث عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں۔ اسی دوران خراب موسمی حالات کی وجہ سے 2 طیاروں کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارنا بھی پڑا تھا، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ تازہ حادثہ بھی انہی موسمی عوامل کا نتیجہ تھا یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔
پیرو کی سول ہوا بازی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ جائے حادثہ سے پرواز کا ریکارڈ، مواصلاتی معلومات اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا درست تعین کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ نازکا لائنز پیرو کے جنوبی صحرائی علاقے میں موجود ہزاروں سال قدیم دیوقامت نقوش، جانوروں کی تصاویر اور ہندسی اشکال پر مشتمل آثارِ قدیمہ ہیں، جنہیں عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ قرار دیا جا چکا ہے۔ یہ منفرد تاریخی مقام دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے غیر معمولی کشش رکھتا ہے اور ہر سال تقریباً 1 لاکھ افراد ان عظیم نقوش کا فضائی مشاہدہ کرنے کے لیے خصوصی سیاحتی پروازوں کا رخ کرتے ہیں۔