|

پاکستانی یوٹیوبرز کی عالمی مقبولیت میں زبردست اضافہ

یوٹیوب کی نئی رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی ڈیجیٹل تخلیق کار اب صرف مقامی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔

پاکستانی یوٹیوبرز کی ویڈیوز دنیا کے مختلف خطوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں ان کے مجموعی واچ ٹائم کا تقریباً 60 فیصد حصہ بیرونِ ملک موجود ناظرین سے حاصل ہو رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی فنکار، وی لاگرز اور دیگر کانٹینٹ کری ایٹرز مسلسل ایسا معیاری اور منفرد مواد تیار کر رہے ہیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں موجود اردو سمجھنے والے اور دیگر ناظرین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ یہی رجحان پاکستانی چینلز کی عالمی رسائی میں نمایاں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

یوٹیوب کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ ایسے چینلز موجود ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اسی طرح 19 ہزار سے زائد چینلز ایک لاکھ سبسکرائبرز کا ہدف عبور کر چکے ہیں، جبکہ 12 سو سے زیادہ پاکستانی چینلز کے سبسکرائبرز 10 لاکھ سے بھی بڑھ گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی صارفین نے مجموعی طور پر 2 کروڑ گھنٹوں سے زائد دورانیے پر مشتمل ویڈیوز اپ لوڈ کیں، جو ملک میں ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں مسلسل اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔

جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا سمیت مختلف خطوں میں پاکستانی ویڈیوز کو بڑی تعداد میں دیکھا جا رہا ہے۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ پاکستانی کری ایٹرز مستند، معیاری اور دلچسپ مواد کے ذریعے بین الاقوامی ناظرین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ کمپنی کے مطابق اگر یہی رفتار برقرار رہی تو آنے والے برسوں میں عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پاکستان کے تخلیقی شعبے کی موجودگی مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *