امریکا اور ایران کی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.29 ڈالر کم ہو کر 89.45 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 56 سینٹ، یعنی 0.66 فیصد کمی کے بعد 83.90 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باوجود تیل بردار جہازوں کی بلا تعطل آمدورفت جاری ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن میں جنگی خدشات کے سبب خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جہاں برینٹ خام تیل 7.91 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 6.56 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا تھا۔ اس سے قبل منگل کے روز جنگ میں مختصر وقفے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔