آزاد کشمیرکے وزیر اعظم کے لیے ن لیگ کے متوقع مضبوط امیدوار کا نام سامنے آگیا
مری: صدر مسلم لیگ ن نوازشریف کی زیرِ صدارت مری میں مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہواجس میں آزاد کشمیر کے لئے نئے وزیراعظم کے نام پر غووخوص کیا گیا۔
میاں نواز شریف کے زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سابق وزیرِ اعلیٰ حمزہ شہباز بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیرشاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور پارٹی کے نومنتخب ارکان نے بھی شرکت کی ۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، رانا ثناء اللہ خاں، سینیٹر پرویز رشید اور انجینئر امیر مقام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
پارٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال، کیپٹن (ر) محمد صفدر، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سینیٹر انوشہ رحمان اور طلال چوہدری بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) پاکستان اور آزاد کشمیر کے سینئر رہنما بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق مری میں ن لیگ کا اعلیٰ سطح کےاجلاس میں صدر آزاد کشمیر، وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر اہم عہدوں کے لیے امیدواروں کے نام زیرِ غور آئے۔ پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا اختیار میاں نواز شریف کو سونپ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف آئندہ چند روز میں آزاد کشمیر کے قائدِ ایوان کے نام کا اعلان کریں گے۔ صدر آزاد کشمیر کے عہدے کے لیے شاہ غلام قادر جبکہ وزیراعظم کے لیے چوہدری طارق فاروق کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی، جبکہ سینئر وزیر کے عہدے کے لیے ممکنہ ناموں پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے نام بھی پارٹی قیادت کی سطح پر زیرِ غور آئے۔ خواتین، ٹیکنوکریٹ، اوورسیز پاکستانیوں اور علما کی نشستوں کے لیے موصول ہونے والے ناموں پر بھی مشاورت کی گئی۔