ایران کے خلاف کارروائی کا جواب ضرور دیا جائے گا: علی نیک زاد کی یوکرین کو وارننگ
تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ ہمارے جہاز پر حملے کا جواب ضروردیا جائے گا۔
ایران کی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر علی نیک زاد نے ایرانی جہاز پر یوکرینی حملے پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف ہر حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
ایرانی خبر رساں ایجسنی ’اِرنا‘ کے مطابق اتوار کو ایران کی پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب اسپیکر علی نیک زاد نے یوکرین کی جانب سے بحیرہ خزر (کیسپین سی) میں ایرانی تجارتی جہاز پر حملے کو غیر ذمہ دارانہ کارروائی قرار دیا۔
علی نیک زاد نے کہا کہ اس حملے کے نتائج ضرور سامنے آئیں گے۔ ایران اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع کا رکھتا ہے اور جو بھی مقام ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہوگا اسے ایران کے لیے جائز ہدف تصور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
ایران کے تجارتی جہاز پر حملہ، یوکرین کے ناظم الامور طلب، تہران کا شدید احتجاج
انہوں نے یورپی ممالک کی حکومتوں پر بھی تنقید کی اور برطانیہ، بلغاریہ اور یوکرین کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکا کا آلہ کار بننے سے گریز اور ایسے تنازعات سے دور رہنا چاہیے جن کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو خطے سے نکل جانا چاہیے، ورنہ اسے ایک اور بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج امریکا یا اسرائیل کی ہر کارروائی کا سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ امریکی عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے صدر کو سمجھائیں ورنہ مزید امریکی فوجی تابوتوں میں واپس لوٹیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
یوکرین کا روس میں بڑے حملوں کا دعویٰ، جنگی جہاز اور ایرانی بحری کارگو کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے سابق رہنما کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور انہیں یقین ہے کہ اس کے ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔