صدر مملکت کی منظوری کے بعد ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کی توثیق کے بعد مختلف ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی اور مدت میں توسیع کے نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت قانون نے منظوری کے بعد متعلقہ عدالتی تعیناتیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود باجوہ کو مستقل جج مقرر کردیا گیا ہے۔ اسی عدالت کے لیے عامر اجمل ملک، اسد علی باجوہ، بیرسٹر محمد عثمان غنی اور راشد چیمہ کو ایڈیشنل ججز مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ غلام سرور نہیج، خالد ابن عزیز اور محمد اجمل خان کی بطور ایڈیشنل جج تعیناتی کے نوٹیفکیشن بھی جاری ہوئے۔ محمد امجد پرویز، منور اقبال دگل، شیریں عمران اور سید فرہاد علی کی تعیناتیوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اللہ داد روشن کو ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا ہے۔ محمد رؤف عطا اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالقیوم لہری کی بطور ایڈیشنل جج تعیناتی کے نوٹیفکیشن بھی جاری کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس خالد حسین شاہانی کی مدت میں مزید 6 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے لیے محمد ہمایوں خان، سریش کمار اور ڈاکٹر شاہ نواز میمن کی بطور جج تعیناتی بھی کردی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایاز شوکت، شاہ رخ ارجمند اور عمر مجید ملک کو ایڈیشنل ججز مقرر کیا گیا ہے۔ پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس فرخ جمشید، جسٹس انعام اللہ خان، جسٹس صبعت اللہ خان اور جسٹس اورنگزیب کی مستقلی کے نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں۔