حیدرآباد میں بارش‘ حکومت سندھ فوری اقدامات کرے‘ زبیر گھانگرا
حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین زبیر گھانگرا، سینئر وائس چیئرمین عامر شہاب، وائس چیئرمین ایسر کمار، جنرل سیکرٹری محمد شاہد قائم خانی اور فنانس سیکرٹری اسلم میمن نے مشترکہ اعلامیے میں حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے بعد حیدرآباد سائٹ ایریا میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کے باعث سائٹ ایریا کی بیشتر سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، متعدد فیکٹریوں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جبکہ صنعتی و تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ بارش کے بعد 24 گھنٹوں سے زائد بجلی کی بندش، نکاسی آب کے ناقص انتظامات اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں نے پیداواری عمل کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ملازمین کی آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آئیں، سپلائی چین متاثر ہوئی اور کئی صنعتی یونٹس کو اپنی سرگرمیاں محدود یا عارضی طور پر بند کرنا پڑیں۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سائٹ ایریا ملک کا ایک اہم صنعتی مرکز ہے جہاں قائم صنعتیں حکومت کو کروڑوں روپے ٹیکس کی مد میں ادا کرتی ہیں، مگر افسوس کہ انہی صنعتی علاقوں کی بنیادی ضروریات، سڑکوں، نکاسی آب، بجلی اور دیگر انفراسٹرکچر کی بہتری پر خاطر خواہ سرمایہ کاری نہیں کی جا رہی۔ اگر حکومت صنعتوں سے ٹیکس وصول کرتی ہے تو ان وسائل کو صنعتی علاقوں کی ترقی، سہولیات کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی پر بھی خرچ کیا جانا چاہیے۔ صنعتی علاقوں کی ترقی نہ صرف صنعتکاروں کے مسائل کم کرے گی بلکہ قومی معیشت، برآمدات، روزگار کے مواقع اور حکومتی محصولات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔