مہنگائی و بیروزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا، عائشہ سید

لویر دیر(جسارت نیوز)جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی، گیس و پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام، بالخصوص خواتین اور بچوں کی زندگی شدید متاثر کر دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے باعث لاکھوں خاندان بچوں کی تعلیم، خوراک، علاج اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں جبکہ متوسط اور کم آمدنی والا طبقہ سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے نئے ٹیکسوں اور پیٹرول لیوی کا بوجھ بڑھا رہی ہے، جس سے عوام کی قوتِ خرید میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ ان کے بقول ایک ذمے دار حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی پر قابو پانا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہوتی ہے، تاہم موجودہ حکومت اس سلسلے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔عائشہ سید نے خواتین، ماؤں اور بچیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے آئینی، جمہوری اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی اور بجلی، گیس و پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک جاری ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حلقہ خواتین کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی حقوق کی بحالی تک پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *