معمولی بارش میں لطیف آباد اور حسین آباد ٹاؤن کے د علاقے پانی ڈوب گئے،خالد صدیقی
حیدرآباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی لطیف آباد زون بی کے ناظم خالد صدیقی، جنرل سیکرٹری سلمان ملک نے شہر میں معمولی بارش سے شہری زندگی مفلوج ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مون سون الرٹ جاری ہونے کے باوجود واسا افسران ،لطیف آباد اور حسین آباد کے ٹاؤن چیئرمین خواب غفلت میں مبتلا رہے جن کی نااہلی کے باعث معمولی بارش میں لطیف آباد اور حسین آباد ٹاؤن کے متعدد علاقے پانی ڈوب گئے ،مکینوں کے گھروں میں گٹر کا پانی داخل ہوگیا ،واسا افسران اورٹاؤن چیئرمین کو تمام صورتحال کا علم تھا ،دانستہ طور پر لطیف آباد کو ڈبونے کی کوشش کی گئی جو لمحہ فکریہ ہے۔ مذکورہ رہنماؤں نے کہاکہ بارش کی چند بوندوں نے حیسکو کے بوسیدہ اور ناقص نظام کے ساتھ ساتھ حیسکوذمہ داران کی کارکردگی اور نگرانی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں،انہوں نے کہا کہ حیسکو انتظامیہ کے بلند بانگ دعوے بارش کے چند قطروں کے ساتھ ہی زمین بوس ہو گئے۔ حیدرآباد اور گردونواح کے بیشتر علاقوں میں متعدد فیڈرز پر تقریباً 20 گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہونا محض انتظامی غفلت نہیں بلکہ متعلقہ حکام کی ناقص منصوبہ بندی، اور عوامی مسائل سے چشم پوشی کا واضح ثبوت ہے ۔مون سون سیزن اپنی جاری ہے لہذا متعلقہ ادارے اور منتخب نمائندے ہنگامی منصوبہ بندی کرکے شہری مسائل حل کریں ۔