ہزارہ بھر میں 7 اگست کے احتجاج کی تیاریاں تیز‘ ریلیاں‘دھرنے

ایبٹ آباد(جسارت نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 7 اگست کو ملک گیر احتجاج، روڈ بلاک اور دھرنوں کی تیاریوں کے سلسلے میں اتوار کو ہزارہ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں بھرپور یوتھ ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں سیکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔ ان ریلیوں کا مقصد عوام کو 7 اگست کے احتجاجی پروگرام سے آگاہ کرنا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنا تھا۔ہزارہ بھر میں منعقد ہونے والی ریلیوں میں سب سے بڑا اور مرکزی پروگرام ایبٹ آباد میں منعقد ہوا، جہاں فوارہ چوک سے کالا پل تک ایک بڑی موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سیکڑوں نوجوانوں نے موٹرسائیکلوں پر شرکت کی اور مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف نعرے لگائے۔ایبٹ آباد ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ہزارہ جاوید اختر اور امیر جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد عبیدالرحمن عباسی نے کی۔دوسری جانب مانسہرہ میں بھی ایک بڑی یوتھ ریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی مانسہرہ جمیل جہانگیری اور جے آئی یوتھ ہزارہ کے انچارج کامران ریاض نے کی۔بٹگرام میں بھی نوجوانوں کی ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس کے بعد علامتی دھرنا دیا گیا۔ اس پروگرام کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع بٹگرام انور بیگ نے کی۔ ہری پور میں بھی سینکڑوں نوجوانوں نے ریلی میں شرکت کی، جس کے اختتام پر علامتی دھرنا دیا گیا۔ اس ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع ہری پور طاہر عتیق نے کی۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی، مزدور، کسان، سرکاری ملازمین اور تاجروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول پر عاید 122 روپے فی لیٹر لیوی کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور پیٹرول کی قیمت کم کرکے 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔عبدالرزاق عباسی نے خبردار کیا کہ اگر 7 اگست تک حکومت نے پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر نہ کی اور پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی ہزارہ بھر میں بھرپور احتجاج کرے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *