میرپورخاص, قیدی اسپتال میں جاں بحق، چند ماہ میں تیسری ہلاکت

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سینٹرل جیل کے عمر قید کے قیدی کا اسپتال میں انتقال، چند ماہ میں تیسری ہلاکت پر تشویش۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص سینٹرل جیل میرپورخاص میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے ایک قیدی کا ڈسٹرکٹ اسپتال میں انتقال ہو گیا۔جیل انتظامیہ کے مطابق متوفی قیدی کی شناخت علی شیر ولد ساون کھوسو کے نام سے ہوئی ہے، جسے نومبر 2025ء میں حیدرآباد جیل سے سینٹرل جیل میرپورخاص منتقل کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ علی شیر کا تعلق خیرپور ناتھن شاہ، ضلع دادو سے تھا۔جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قیدی علی شیر واش روم سے واپس آنے کے بعد بیرک میں اچانک بے ہوش ہو گیا، جس پر اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔جیل انتظامیہ کے مطابق ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں موت کی وجہ دل اور پھیپھڑوں کی حرکت بند ہونا (Cardiopulmonary Arrest) درج کی گئی ہے۔دوسری جانب شہری حلقوں نے سینٹرل جیل میرپورخاص میں گزشتہ چند ماہ کے دوران تیسرے قیدی کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں ۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *