ٹنڈولہیارشہر اندھیرے کے سپرد، کئی علاقے بجلی سے محروم رہنے لگے

ٹنڈوالہیار(نمائندہ جسارت)روشنی بانٹنے والوں کے ہاتھوں، شہر اندھیروں کے سپرد ہو گیا۔ٹنڈوالہیار شہر کے بکیرا روڈ فیڈر سے منسلک اکرم کالونی، بھیل کالونی، ابراہیم کالونی اور دیگر رہائشی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے جاری 12 سے 15 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی طویل بندش کے باعث گھروں میں خواتین، بچے، بزرگ اور مریض سخت ذہنی و جسمانی دباؤ کا سامنا کررہے ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی بحال ہونے کے بعد بھی سپلائی معمول پر نہیں آتی۔ بار بار ٹرپنگ، کم و زیادہ وولٹیج اور غیر مستحکم فراہمی کے باعث گھروں میں استعمال ہونے والے قیمتی برقی آلات خراب ہونے کی شکایات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، مگر اس کے باوجود انہیں بنیادی سہولت سے محروم رکھا جارہا ہے مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہر مرتبہ بجلی کی بندش کو “فنی خرابی” قرار دے کر معاملہ وقتی طور پر ٹال دیا جاتا ہے، جبکہ مستقل اور مؤثر حل نظر نہیں آتا۔ شہری سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر نظام میں بار بار خرابیاں پیدا ہورہی ہیں تو ان کی مستقل مرمت اور بہتری کے لیے عملی اقدامات کیوں نہیں کیے جارہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *