ٹھٹھہ ،معروف استاذ الحفاظ اور ممتاز دینی شخصیت محمد حسین حسینی کی 22ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت )معروف استاذ الحفاظ اور ممتاز دینی شخصیت مرحوم محمد حسین حسینی کی 22ویں برسی جنگشاہی میں عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پر جامع مسجد جنگشاہی میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، حفاظ، طلبہ اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت علامہ سید منظور حسین شاہ اور علامہ محمد فضل اللہ حسینی نے کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں مرحوم کی دینی، تدریسی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی قرآنِ کریم کی تعلیم و تدریس اور حفظِ قرآن کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی تربیت یافتہ بڑی تعداد میں حفاظ آج ملک کے مختلف علاقوں میں دینی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مرحوم نہ صرف ایک باوقار استاد بلکہ بہترین مربی بھی تھے، جنہوں نے طلبہ کی علمی تربیت کے ساتھ ان کی اخلاقی و عملی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب کے اختتام پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ملک میں امن و استحکام، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دینی مدارس و مراکز کی ترقی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *