کمبوڈیا اسکام نیٹ ورک سے منسلک انسانی اسمگلر کراچی سے گرفتار

کراچی(جسارت نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کراچی زون کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل (AHTC) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کمبوڈیا میں ملازمت کا جھانسہ دے کر پاکستانی شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے اور بین الاقوامی اسکام نیٹ ورک کا حصہ بننے والے ایک مبینہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف انسدادِ انسانی اسمگلنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ اس سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے متاثرہ شہری سے کمبوڈیا میں پرکشش ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر تین لاکھ روپے وصول کیے، اس کے سفری انتظامات کیے اور اسے کمبوڈیا بھجوا دیا، جہاں اسے ایک چینی کمپنی کے حوالے کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق کمبوڈیا پہنچنے کے بعد متاثرہ شہری کو اس کی مرضی کے خلاف غیر قانونی آن لائن فراڈ اور سائبر اسکام سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر مجبور کیا گیا۔ انکار کرنے پر اسے شدید جسمانی تشدد، ذہنی اذیت اور غیر انسانی سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ شہری تقریباً ڈیڑھ سال تک جبری مشقت اور قید جیسی زندگی گزارنے پر مجبور رہا۔ایف آئی اے کے مطابق متاثرہ شہری کسی طرح وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا اور کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پینہ میں قائم پاکستانی سفارت خانے سے ایمرجنسی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچا۔ پاکستان واپسی پر اس نے ایف آئی اے کو تمام واقعے سے آگاہ کیا، جس کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *