واٹر کارپوریشن کا قصبہ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، مزید سرکاری اراضی واگزار
کراچی(خبر ایجنسی)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا قصبہ ریزروائر، بلاک ٹی، نارتھ ناظم آباد میں جاری انسدادِ تجاوزات آپریشن پانچویں روز بھی ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طاحہ سلیم کی نگرانی میں جاری رہا، جس کے دوران مزید سرکاری اراضی سے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کرکے قیمتی زمین واگزار کرالی گئی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق آپریشن میں پی ڈی لینڈ یوسف عباسی، چیف سیکورٹی آفیسر سید جواد شاہ، سینئر ڈائریکٹر لینڈ عبدالروف جمالی، سپرنٹنڈنگ انجینئر (ڈبلیو ٹی ایم) تنویر شیخ، ایگزیکٹو انجینئر (ڈملوٹی) رضوان احسن، سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کے سید سجاد شاہ سمیت ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران سرکاری اراضی پر قائم مزید غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کرکے زمین واگزار کرائی گئی۔ ان کے مطابق آپریشن کا مقصد سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانا اور شہر کی پانی کی فراہمی سے متعلق اہم تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ واٹر کارپوریشن نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے آپریشن مؤثر انداز میں جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق سرکاری اور عوامی مفاد کی اراضی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔