سیسی کے تمام اسپتالوں میں ایچ آئی وی اسکریننگ کرائی جارہی ہے، سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا کہ سیسی کے زیر انتظام صوبے بھر کی تمام اسپتالوں میں محکمہ صحت کے سی ڈی سی کنٹرول برائے ایچ آئی وی کے تحت اسکریننگ کروائی جارہی ہے۔ ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کیسز کے لیے بنائی گئی انکوائری کمیٹیوں کی سفارشات پر 37 ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور افسران کو فائنل شوکاز نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں اور اگر ان میں سے کوئی مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہوئے تو ان کے خلاف محکمہ ذاتی کارروائی کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر کا بھی اندراج کروایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ ریگولیشن اینڈ کوآرڈی نیشن کی میٹنگ کے دوران کیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر عامر علی الدین چشتی کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال، ارکان سینیٹر مسرور احسن، سینیٹر انوشا رحمان، سینیٹر سمینہ ممتاز، سینیٹر ندیم احمد بھٹو سمیت دیگر بھی شامل تھے۔ جبکہ سیکرٹری محنت سندھ ساجد جمال ابڑو، کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو و دیگر نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے اجلاس کو محکمہ محنت کے زیر انتظام سیسی کی ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کیسز کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی اور بتایا کہ ولیکا اسپتال میں کیسز کے رپورٹ ہونے پر فوری طور پر محکمہ صحت کے کمیونیکیشن ڈیزیز کنٹرول کے تحت اسپتال اور اطراف کی آبادیوں میں اسکریننگ شروع کروائی اور اب تک 10500 سے زاید افراد کی اسکریننگ کی گئی جس میں سے 120 میں ایچ آئی وی مثبت آیا، جبکہ ان میں سے 81 بچے وہ ہیں جو سیسی کے رجسٹرڈ ملازمین کے بچے ہیں جبکہ باقی ماندہ 39 بچوں کا رجسٹرڈ ملازمین سے تعلق نہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *