حلقہ خواتین ضلع گلبرگ وسطی کے زیرِ اہتمام ٹیچرز کنونشن کل ہوگا

کراچی(پ ر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع گلبرگ وسطی کے زیرِ اہتمام ’’ٹیچرز کنونشن‘‘بروز ہفتہ، 8 اگست شام3:30بجے قباء آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔ کنونشن کا مرکزی عنوان “تری نسبت براہیمی ہے، معمارِ جہاں تو ہے” رکھا گیا ہے، کنونشن کا مقصد اساتذہ کے عظیم کردار کو اجاگر کرنا اور اْنہیں عصر حاضر کے تعلیمی و تربیتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ ناظمہ ضلع گلبرگ وسطی طلعت ندیم نے شعبہ تعلیم سے وابستہ خواتین اساتذہ، تعلیمی اداروں کی منتظمات اور ماہرینِ تعلیم کو کنونشن میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک باکردار، باصلاحیت اور باوقار استاد ہی ایک صالح اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے، جبکہ جنریشن زی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلیے اساتذہ کی فکری و تربیتی رہنمائی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کنونشن اساتذہ کی فکری و تربیتی رہنمائی، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور موجودہ تعلیمی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے ایک مؤثر اور بامقصد پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ کنونشن میں اساتذہ کے مقام و مرتبہ، نسل نو کی کردار سازی میں ان کی ذمے داریوں، جنریشن زی ( GEN Z) کو تعلیم و تربیت دیتے ہوئے درپیش چیلنجز اور سیرتِ النبیؐ کی روشنی میں ان کے مؤثر حل پر گفتگو کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ایک کامیاب معلم کی بنیادی صفات پر بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *