پی ٹی آ ئی پرامن سیاسی جماعت ‘ دہشت گردی پر یقین نہیں رکھتی‘ بیرسٹرگوہر

اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے راولپنڈی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی شفاف، منصفانہ اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک جاری بیان میں بیرسٹرگوہرنے کہا ہے کہ دہشت گردی ملک کیلئے ناسور ہے اور اسے ہرصورت ختم ہونا چاہیے، تحریک انصاف ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اوردہشت گردی پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ کسی دہشت گرد کا پی ٹی آئی، اس کی قیادت یا پارٹی کے کسی ونگ سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردی کے واقعات ملک کے امن اوراستحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں، اس لیے ان کے ذمے دارعناصرکوقانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی میں پیش آنے والے واقعے کی مکمل اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ کو بلاجواز مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے شواہد اور حقائق کو بنیاد بنایا جائے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ واقعے میں جو بھی ذمے دار ہو، اسے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے حساس نوعیت کے معاملات پر غیر ذمے دارانہ بیانات اور قیاس آرائیوں سے گریز کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کا قیام سب کی مشترکہ ذمے داری ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ شفاف تحقیقات کے ذریعے نہ صرف ذمے داروں کا تعین کیا جائے بلکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی عملی اقدامات کیے جائیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *