آئی پیک گروپ کا پرتگال میں ذیلی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ
کراچی (کامرس رپورٹر)انٹرنیشنل پیکیجنگ فلمز لمیٹڈ (IPAK) نے اپنی عالمی کاروباری حکمتِ عملی کے تحت یورپی مارکیٹ میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے پرتگال میں اپنی مکمل ملکیتی (Wholly Owned) ذیلی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ ذیلی کمپنی آئی پیک کنیکٹ پیکیجنگ میٹریلز ٹریڈنگ ایف زیڈ سی او کے ذریعے قائم کی جائے گی، جو متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں قائم آئی پیک گروپ کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے۔ رجسٹریشن کے بعد پرتگال میں قائم ہونے والی یہ کمپنی آئی پیک گروپ کا حصہ ہوگی اور یورپی یونین میں گروپ کے تجارتی پلیٹ فارم کے طور پر خدمات انجام دے گی۔ اس منصوبے پر عمل درآمد تمام متعلقہ قانونی، ریگولیٹری اور کارپوریٹ منظوریوں سے مشروط ہوگا۔یہ توسیع آئی پیک گروپ کی بین الاقوامی ترقی کی حکمتِ عملی میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ پرتگال میں ذیلی کمپنی کے قیام سے گروپ یورپی یونین میں اپنی موجودگی مزید مستحکم کرے گا اور خطے میں موجودہ اور ممکنہ صارفین تک اپنی رسائی مزید مؤثر بنا سکے گا۔پرتگال میں قائم ہونے والی کمپنی یورپی یونین میں آئی پیک گروپ کی کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک خصوصی مرکز (Hub) کے طور پر کام کرے گی، جس کے ذریعے صارفین، پیکیجنگ کنورٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور صنعت سے وابستہ دیگر کاروباری شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اس مقامی موجودگی سے تجارتی روابط کو زیادہ مؤثر بنانے، مصنوعات کی تیاری و ترقی، آرڈرز کی منصوبہ بندی اور بعد از فروخت خدمات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ، یورپی مارکیٹ میں براہِ راست موجودگی کے باعث آئی پیک گروپ پیکیجنگ ٹیکنالوجی، پائیداری سے متعلق تقاضوں، ریگولیٹری تبدیلیوں اور صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات سے بہتر طور پر آگاہ رہ سکے گا، جس سے کمپنی کی مصنوعات اور تجارتی حکمتِ عملی کو یورپی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ رکھنے میں مدد ملے گی۔