وزیر داخلہ کی پختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں کوتحفظ کی یقین دہانی
اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں اور صنعت کاروں نے ملاقات کی جس میں دونوں صوبوں کے تمام چیمبرز آف کامرس نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کو ملک خصوصاً دونوں صوبوں میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے تاجر برادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل اور ان کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جلد ہی پشاور اور کوئٹہ کا دورہ کروں گا، جہاں متعلقہ صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام اور نمائندوں کی موجودگی میں آپ سے تفصیلی ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ درپیش مسائل کا مستقل اور عملی حل نکالا جا سکے۔محسن نقوی نے کہا کہ کاروباری برادری کو محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نجی شعبے کے کردار کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔