مون سون :وزیراعظم کی تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے تمام اداروں کو رواں مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے تمام اداروں کے تعاون سے مون سون کے جاری سپیل میں جانی و مالی نقصان کو روکنا یقینی بنائے۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار منگل کو اپنی زیر صدارت ملک میں جاری مون سون بارشوں اور ان کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے، تمام ادارے جاری مون سون کے نتیجے میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار رہیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے تمام وفاقی و صوبائی اداروں کو مون سون کی صورتحال اور متوقع بارشوں کی اطلاعات بروقت فراہم کرے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی روزانہ کی بنیاد پر فلڈ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں اور صورتحال کے جائزے کے بعد لائحہ عمل طے کریں۔ وزیراعظم نے شمالی علاقہ جات میں گلوف و طوفانی ریلوں کے حوالے سے پیشگی اطلاعات کے نظام کو بھرپور طریقے سے فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ماحول دشمن گیسوں کے اخراج میں حصہ معمولی ہے مگر موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات اسے بری طرح متاثر کر رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے پیش نظر حکومت طویل، وسط اور قلیل مدتی اقدامات پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے ملک کے شمالی علاقوں میں مون سون سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور سندھ و بلوچستان میں جاری گرمی کی شدید لہر کے حوالے سے صوبائی حکومتوں و اداروں کو تمام تر معاونت و وسائل فراہم کر رہا ہے، آئندہ دو روز میں آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور جنوبی سندھ میں مون سون بارشوں کے ایک بڑے سپیل کی توقع ہے، اس کے علاوہ ستمبر کے دوسرے ہفتے سے ملک بھر میں مون سون کا ایک بڑا سپیل بھی متوقع ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 110 اموات‘ 360لوگ زخمی ہوئے، 796 مکانات کو نقصان پہنچا اور 376 مویشی ہلاک ہوئے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *