واٹراینڈسیوریج کارپوریشن ملازمین کا استحصال کررہی ہے، مہران ورکرز

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)مہران ورکرز یونین کے جنرل سیکریٹری محمد اسلم عباسی اور دیگر عہد یداران نے ادارے کے ملازمین کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی موجودہ انتظامیہ کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کارپوریشن ادارے کے ملازمین کا مسلسل استحصال کررہی ہے، گزشتہ 19ماہ سے ملازمین کو تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن سے محروم رکھا گیا ہے، جبکہ دوسری جانب عارضی بنیادوں پر تعینات اعلی افسران اور ان کے من پسند افراد باقاعدگی سے ہر ماہ بھاری تنخواہیں اور مراعات وصول کر رہے ہیں۔ سال 2022 سے 2026 کے دوران ریٹائر ہونے والے ملازمین اپنے جائز اور قانونی واجبات کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں لیکن انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ادارے کے پاس دیگر غیر ضروری اخراجات کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں لیکن ملازمین کے جائز حقوق کی ادائیگی کے وقت متعصبانہ رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔حالات و واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ مئی 2023 سے قبل حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت کام کرنے والا ادارہ ’’واسا‘‘ موجودہ کارپوریشن سے کہیں بہتر تھا۔ واسا کے افسران ادارے، ملازمین اور حیدرآباد کی عوام سے مخلص تھے، اس وقت نہ صرف واٹر سپلائی اور سیوریج کا نظام بہتر تھا بلکہ مالی ریکوری کی صورتحال بھی تسلی بخش تھی اور ملازمین کو تنخواہیں و پنشن بھی وقت پر یا تھوڑی بہت تاخیر سے مل جاتی تھیں۔حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا قیام ناکام تجربہ ثابت ہوا ہے، ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں ملازمین کے تمام تر واجبات اور 19ماہ کی تنخواہیں ، پینشنز فورا ادا کیے جائیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *