میرواہ گورچانی، بابو تھبہ کالونی میں بجلی کا سیمنٹ کا پول انتہائی خستہ حالی کا شکار
میرواہ گورچانی(نمائندہ جسارت)کوٹ غلام محمد روڈ پر واقع بابو تھبہ کالونی میں بجلی کا سیمنٹ کا پول انتہائی خستہ حال اور بوسیدہ ہو چکا ہے جو تیز ہواؤں کے دوران خطرناک حد تک ہلتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ بوسیدہ بجلی کے پول کی موجودہ حالت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ بجلی کا پول کافی عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے-تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال اس کی مرمت یا تبدیلی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ پول کے قریب سے بجلی کی تاریں بھی گزر رہی ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت پول گرنے یا بجلی کی تاروں کے ٹوٹنے سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔بابو تھبہ کالونی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ محلے میں بچے روزانہ گلیوں میں کھیلتے ہیں، اس لیے بوسیدہ بجلی کا پول ان کے لیے بھی شدید خطرے کا باعث بنا ہوا ہے۔تیز ہواؤں کے دوران پول کا ہلنا علاقہ مکینوں کے لیے خوف و تشویش کا سبب بن جاتا ہے۔علاقہ مکینوں نے سپرنٹنڈنٹ انجینئر حیسکو سرکل میرپورخاص، ایگزیکٹو انجینئر حیسکو ڈویژن میرپورخاص اور ایس ڈی او حیسکو سب ڈویژن میرواہ گورچانی سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بوسیدہ بجلی کے پول کو ہنگامی بنیادوں پر تبدیل کیا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے اور جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔