بدین ،میونسپل کمیٹی نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کردیا
بدین (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی بدین کا مالی سال2026-27ء کا سالانہ بجٹ پیش کر دیا گیا، جس میں 10 لاکھ 70 ہزار 416 روپے کی سرپلس رقم ظاہر کی گئی ہے۔ مجموعی بجٹ 50 کروڑ 98 لاکھ 85 ہزار 824 روپے جبکہ اخراجات 50 کروڑ 88 لاکھ 15 ہزار 408 روپے رکھے گئے ہیں۔بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میونسپل کمیٹی پیر محمد صالح قریشی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے او زیڈ ٹی (OZT) کی مد میں سالانہ 5 کروڑ 54 لاکھ 88 ہزار 720 روپے فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ ترقیاتی کاموں اور ملازمین کی تنخواہوں کے لیے ماہانہ 3 کروڑ 30 لاکھ 29 ہزار روپے جاری کیے جاتے ہیں، جو سالانہ تقریباً 39 کروڑ 63 لاکھ 48 ہزار روپے بنتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن پر سالانہ 29 کروڑ 71 لاکھ 35 ہزار 408 روپے خرچ ہوں گے، جبکہ میونسپل کمیٹی کے 14 وارڈز کے کونسلرز کے ترقیاتی فنڈ کے لیے 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ چیئرمین نے مزید کہا کہ فلاحی منصوبوں کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران وائس چیئرمین نے بدین میں بڑھتی ہوئی بے امنی پر بدین پولیس کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی، جسے ایوان نے منظور کر لیا۔ اس کے علاوہ چیئرمین نے ایک اور قرارداد پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی کو گزشتہ تین برسوں سے خصوصی ترقیاتی پیکج نہیں ملا، حالانکہ اگست 2023ء میں وزیراعلیٰ سندھ نے ایک ارب 98 کروڑ روپے کے خصوصی فنڈ کی منظوری دی تھی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ یہ فنڈ فوری جاری کیا جائے تاکہ شہر میں واٹر سپلائی اور ڈرینیج اسکیموں کو مکمل کیا جا سکے۔اجلاس میں وائس چیئرمین اکبر میمن کی تجویز پر شہر میں تاجروں کے تعاون سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ اس منصوبے کے لیے میونسپل کمیٹی 10 لاکھ روپے جبکہ بدین کے تاجر بھی 10 لاکھ روپے فراہم کریں گے، جبکہ پولیس سے الگ فنڈ حاصل کرنے کی بھی تجویز دی گئی۔بجٹ اجلاس میں کونسلرز حاجی سلیمان سومرو .پوڑھو لغاری .رئیس عاشق گوپانگ، نور محمد ملاح، یعقوب سومرو، جیوَت رام، مدثر خاصخیلی، طارق ملاح ہاشمانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور شہر میں پانی کی قلت دور کرنے، نئی ڈرینیج اسکیموں اور دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔