مٹیاری، گندم کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف کارروائیوں کو تیز کرنیکی ہدایت

مٹیاری(نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد دانش ذاکر نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے، ضبط شدہ گندم کی تمام بوریاں فوری طور پر اٹھائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں محکمہ خوراک کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ضلع میں گندم کی نگرانی، ضبط شدہ گندم کی منتقلی، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور محکمہ خوراک کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد دانش ذاکر نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں تمام متعلقہ عملے کی موجودگی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر اور بروقت کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ حکومت کی پالیسی کے مطابق گندم کی نگرانی کا نظام مؤثر بنایا جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ ضبط شدہ گندم کی تمام بوریاں فوری طور پر مقررہ مقامات پر منتقل کی جائیں اور اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ خوراک کے افسران اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کی موثر نگرانی کی جائے، روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں محکمہ خوراک کے افسران نے جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ خوراک کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *