بیوی کے ساتھ مل کر شہریوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تھانہ زمان ٹائون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر شہریوں سے اسلحے کے زور پر ڈکیتیاں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ واردات میں شریک اس کی بیوی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد شاہد ولد شفیع کے نام سے ہوئی ہے جو چند روز قبل زمان ٹائون کے علاقے 17-K غوث پاک روڈ کے قریب پیش آنے والی ڈکیتی کی واردات میں مطلوب تھا۔ اس واردات کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ملزم اپنی ساتھی خاتون جو اس کی بیوی ہے، کے ہمراہ ایک شہری کو اسلحے کے زور پر روک کر اس سے موبائل فون چھینتا ہوا واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع اور تکنیکی شواہد کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول مع گولیاں بھی برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران واردات میں ملوث ملزم کی بیوی کی بھی شناخت کر لی گئی ہے تاہم وہ تاحال مفرور ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ملزمہ کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔