|

ایل ایل بی چار سالہ کورس گائیڈ لائن سے متعلق وائرل خط جعلی قرار، ایچ ای سی کی وضاحت

اسلام آباد: ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ایل ایل بی چار سالہ کورس گائیڈ لائن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک خط کو جعلی قرار دیتے ہوئے طلبہ، جامعات اور عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس پر اعتماد نہ کریں۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خط ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے جاری نہیں کیا گیا، بلکہ یہ ایک جعلی دستاویز ہے،ایل ایل بی چار سالہ کورس گائیڈ لائن سے متعلق کسی بھی مستند اطلاع کے لیے صرف ایچ ای سی کے سرکاری ذرائع سے رجوع کیا جائے۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے طلبہ، تعلیمی اداروں اور عوام کو ہدایت کی کہ وہ جعلی خط کو آگے پھیلانے سے گریز کریں، کیونکہ غیر مصدقہ معلومات سے طلبہ میں بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

ایچ ای سی کے بیان کے مطابق کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی تمام پالیسیوں، گائیڈ لائنز اور اعلانات سرکاری ویب سائٹ اور تصدیق شدہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوتے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ کسی بھی خبر یا دستاویز کی تصدیق کے بغیر اسے درست نہ سمجھیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایل ایل بی چار سالہ کورس کے حوالے سے ایک خط سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہا تھا، جس کے بعد طلبہ اور تعلیمی حلقوں میں اس کی صداقت سے متعلق سوالات اٹھائے گئے۔ ایچ ای سی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وضاحت جاری کی اور مذکورہ خط کو جعلی قرار دے دیا۔

کمیشن نے ایک بار پھر زور دیا کہ طلبہ اور جامعات تعلیمی پالیسیوں اور کورسز سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں تاکہ کسی بھی قسم کی غلط معلومات سے بچا جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *