فیلڈ مارشل، میں اور قوم سعودیہ کیساتھ ہیں، وزیراعظم کا ولی عہد سے رابطہ، آئل ٹینکرز پر حملے کی مذمت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ، فیلڈ مارشل اور پوری پاکستانی قوم اس مشکل گھڑی میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں وزیراعظم نے بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے ان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اس نوعیت کے حملے ناقابلِ قبول ہیں، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف جہاز رانی اور عالمی تجارتی نقل و حمل کی آزادی کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، جبکہ بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز اور سمندری تجارت کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لیے بھی قریبی تعاون برقرار رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی مسلسل حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا۔