|

بجلی کے ہر یونٹ پر 5 روپے سیلز ٹیکس نافذ، اطلاق کن صارفین پرہوگا؟

اسلام آباد: بجلی پر 5 روپے سیلز ٹیکس کے نفاذ سے متعلق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ ٹیکس عام گھریلو یا کمرشل صارفین پر نہیں بلکہ آئرن اینڈ اسٹیل سیکٹر کی مخصوص رجسٹرڈ صنعتوں پر لاگو ہوگا۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری سیلز ٹیکس جنرل آرڈر کے مطابق آئرن اینڈ اسٹیل صنعت سے وابستہ منتخب رجسٹرڈ میلٹرز، ری رولرز اور کمپوزٹ یونٹس کے بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 5 روپے کے حساب سے سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسٹیل سیکٹر میں ٹیکس نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور دستاویزی بنانا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ متعلقہ صنعتوں کے بجلی کے بلوں میں یہ ٹیکس شامل کریں۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس ٹیکس کا اطلاق صرف ان رجسٹرڈ مینوفیکچررز پر ہوگا جو مخصوص شرائط پوری کرتے ہیں۔ ان میں وہ کمپنیاں شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ بارہ ماہ کے دوران مقررہ ایچ ایس کوڈز کے تحت بڑی مقدار میں اسکریپ درآمد کیا ہو یا ای ایف ایس درآمد کنندگان سے براہ راست خریداری کی ہو، جبکہ ان کے صنعتی نظام ایف بی آر کے کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے مکمل طور پر منسلک ہوں۔

ایف بی آر نے ایسے اہل مینوفیکچررز کی فہرست بھی جاری کر دی ہے، تاہم اس فہرست میں وقتاً فوقتاً ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔ بورڈ یا متعلقہ ٹیکس حکام کمپنیوں کی اہلیت کا دوبارہ جائزہ لے کر انہیں فہرست میں شامل یا خارج کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد اسٹیل کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے اثرات تعمیراتی سامان اور دیگر اسٹیل مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔ تاہم ایف بی آر کے مطابق یہ اقدام ٹیکس نظام کو بہتر بنانے اور محصولات میں شفافیت لانے کے لیے کیا گیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *