پاکستان سے غیرقانونی
|

پاکستان سے غیرقانونی یورپ جانے کا رجحان 64 فیصد کم، مکمل خاتمے کا ہدف مقرر

اسلام آباد: پاکستان سے غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے افراد کی تعداد میں 64 فیصد ریکارڈ کمی سامنے آگئی، حکومت نے غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ (ICMPD) اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام، بارڈر مینجمنٹ اور انسانی اسمگلنگ کے سدباب سمیت باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر غیرقانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کا 100 فیصد خاتمہ حکومت کا ہدف ہے اور اسے ہر صورت حاصل کیا جائے گا، غیرقانونی مائیگریشن میں کمی کے لیے قانونی ہجرت کے نئے اور محفوظ راستے کھولنا ضروری ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے قانونی طریقوں سے بیرون ملک روزگار اور دیگر مواقع کی فراہمی میں اضافہ غیرقانونی ہجرت کی حوصلہ شکنی میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ملاقات کے دوران بارڈر مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے، غیرقانونی آمدورفت کی روک تھام اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

ڈی جی انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ نے غیرقانونی امیگریشن کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس سلسلے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا،غیرقانونی یورپ جانے والوں کی تعداد میں 64 فیصد کمی پاکستان کی جانب سے غیرقانونی امیگریشن کے سدباب کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں پیش رفت کو ظاہر کرتی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *